نیویارک، 13؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ایک انسانی حقوق کی تنظیم نے کہا ہے کہ ہندوستان کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کے مارے جانے کے بعد کشمیر میں پرتشدد مظاہروں کے دوران پولیس کی طرف سے مہلک طاقت کے استعمال کئے جانے کی منصفانہ جانچ کرنی چاہیے اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا چاہیے ۔ہیومین رائٹس واچ(ایچ آرڈبلیو)کی جنوبی ایشیا کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے ایک بیان میں کہاکہ کشمیر میں مظاہرہ کرنے والوں کی بڑی شکایت حکام کی طرف سے بنیادی انسانی حکام کا احترام نہیں کرناہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ظالمانہ رویے کے لیے ذمہ دار لوگوں پر مقدمہ چلانا اہم قدم ہوگا۔ایچ آرڈبلیو نے کہا کہ ہندوستانی حکام کو گزشتہ ہفتے حزب المجاہدین کے کمانڈر وانی کی موت کے بعد جموں وکشمیرمیں ہوئے پر تشدد مظاہروں کے دوران پولیس کی طرف سے جان لیوا طاقت کا استعمال کئے جانے کی منصفانہ تحقیقات کرنی چاہئیں ۔گنگولی نے کہاکہ مظاہروں کے دوران پتھراؤ ایک سنجیدہ موضوع ہے لیکن اس سے پولیس کو مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کی اجازت نہیں مل جاتی۔